ایم کیو ایم کارکن شبیر احمد عرف فرحان ملا کو بری کرنے کا حکم

October 01, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پولیس اہلکار کے قتل کے مقدمہ میں ایم کیو ایم کارکن شبیر احمد عرف فرحان ملا کو بری کرنے کا حکم دے دیا ۔ جمعہ کو جوڈیشل کمپلیکس کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پولیس اہلکار کے قتل کے مقدمہ کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ایم کیو ایم کارکن شبیر احمد عرف فرحان ملا کے خلاف پولیس اہلکار کے قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے فرحان ملا کو عدم شواہد پر بری کردیا ۔ عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ اگر ملزم کسی اور کیس میں مطلوب نہیں ہے تو جیل سے رہا کیا جائے۔ ملزم کے وکیل عابد زمان ایڈووکیٹ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پراسکیوشن ملزم کے خلاف الزام ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے، ملزم کے خلاف جھوٹا کیس بنایا گیا ہے، ملزم کے خلاف شواہد ناکافی ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم پر2006میں پولیس اہلکار حسان کو قتل کرنے کا الزام تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ الفلاح میں مقدمہ درج ہے۔