کراچی ( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے کراچی سی پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سی مین بکس رکھنے پر 15لاکھ روپےجرمانہ عائد کر دیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ویسل MT AL-Tarf کی کلیئرنس کے دوران بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔جہاز میں 17 عملہ سوار تھا جن میں 10بنگلہ دیشی اور 7بھارتی شہری شامل تھے۔ جہاز عمان کے شہر شناس سے تقریباً 3000 میٹرک ٹن بلیک کاربن آئل لے کر کراچی پہنچا تھا۔ایف آئی اے ٹیم نے تین بنگلہ دیشی عملے کو بغیر درست سی مین بکس کے سفر کرتے ہوئے پایا۔متعلقہ افراد کے پاس نہ فلیگ اسٹیٹ اور نہ ہی قومی سی مین بکس موجود تھے۔انہوں نے آئرلینڈ سے جاری کردہ غیر قانونی سی مین بکس پیش کیے۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ سی مین بکس آن لائن ٹریننگ کے بعد کورئیر کے ذریعے حاصل کیے گئے۔جہاز کے ماسٹر کو آگاہ کر کے فی کس 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔مجموعی طور پر 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔شپنگ کمپنی کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے اور رقم قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔