ہاتھ پاؤں کی حفاظت

October 01, 2022

سارہ علی

خوبصورت ہاتھ، پاؤں خواتین کی شخصیت کو چار چاند لگاتے اور پُرکشش بناتے ہیں۔ چہرے کی خوبصورتی کے ساتھ ساتھ پاؤں کی خوبصورتی بھی اہمیت رکھتی ہے۔ ہاتھوں کی جلد بہت حساس ہوتی ہے جب موسم تبدیل ہو رہا ہوتا ہے تو ہاتھوں پاؤں اور ناخنوں کی معمول سے زیادہ حفاظت کرنی پڑتی ہے، کیوں کہ موسم کے بدلتے اثرات سے ان کی خوب صورتی متاثر ہوتی ہے۔ اس لیے ہاتھوں اور پاؤں کی خوب صورتی پر خا ص تو جہ دیں۔ ہاتھ ، پاؤں دھونے کے بعد کولڈ کریم یا موئسچرائزنگ کریم ضرور استعمال کریں۔

ہفتے میں دو بار لیموں کا رس ملیں اور دس منٹ بعد سادے پانی سے ہاتھوں اور پاؤں کو دھولیں اور بعد ازاں ہاتھوں اور پاؤں میں لوشن لگا لیں ۔جب بھی فارغ ہو ہاتھوں اور پاؤں کی انگلیوں کواس طر ح حرکت دیں جیسے آپ ٹائپ کررہی ہیں ۔ یہ ورزش ہاتھوں اور پاؤں کی لچک برقرار رکھنے کے لئے بہترین اور مفید ہے۔ہاتھوں اور ناخنوں کے دھبے دور کرنے کے لئے آلو یا لیموں کے ٹکڑے ہاتھوں اور ناخنوں پر ملیں۔

ناخنوں پر موم رگڑنے سے خون رواں ہو تا ہے، جس سے ناخنوں میں سرخی اور چمک پیدا ہو تی ہے۔ خواتین وقت کی کمی کے باعث ناخنوں اور ہاتھوں کے علاوہ پاؤں کو بھی نظر انداز کرتی ہیں ،جس سے ہاتھوں کی خوبصورتی بے معنی ہو جاتی ہے۔ اس لئے خواتین کے لئے ضروری ہے کہ ہاتھ اور پاؤں دھونے کے بعد ناخنوں کے کنارے بھی صاف کر یں اور اچھی طرح چیک کریں کہ ناخنوں کی نوکیں بالکل صاف ہیں۔ اس کے علاوہ جب بھی آپ کو وقت ملے تو اپنے ہاتھوں پر سفید آئیوڈین لگائیں ،یہ ناخنوں کی بہتر نشوونما کے لیےضروری ہے۔

اگر آپ نیل پالش نہیں لگانا چاہتیں ،پھر بھی بڑھے ہوئے ناخنوں کو تراشنا اور بیضوی شکل دینا ضروری ہے، تاکہ دھول اور مٹی ان کے اندر نہ جائے اور ناخن جراثیم سے پاک رہیں۔ روغن بادام اور زیتون کا تیل ہاتھوں پر پڑنے والی کالی لکیروں کو دور کرتا ہے اور انہیں نرم و ملائم رکھتا ہے۔

روغن بادام اور زیتون کے تیل کو نیم گرم کرکے مساج کریں اور پھر نیم گرم پانی سے دھو لیں ہاتھوں اور پاؤں کی Dead Skin کو ٹھیک کرنے کے لئے گلیسرین، عرق گلاب اور لیموں کے رس کو مکس کرکے رات کو لگائیں کچھ ہی دنوں میں آپ کو واضح فرق نظر آئے گا۔ یہ تمام نسخے آزما کر دیکھیں ہر کوئی آپ کے ہاتھ پیروں کی خوبصورتی کا راز جاننے کی کوشش کرے گا۔