سینیٹ کمیٹی، سیلاب سے خوراک میں متوقع کمی کا تخمینہ لگانے کی ہدایت

October 04, 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی تجارت کے چیئرمین نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیلاب کی وجہ سے خوراک کے شعبے میں ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا جائے اور آئندہ سال میں خوراک میں متوقع کمی کا تخمینہ لگایا جائے تاکہ اس پر بروقت عمل کیا جائے ، شوکت ترین نے کہا کہ بینکوں کو چھوٹے صوبوں کے کاروباری طبقے کو قرضے دینے کا پابند کیاجائے،خاص طو رپر کپاس کی درآمد کو مد نظر رکھاجائے ،کمیٹی کو بتایا گیا ٹی ڈیپ بورڈ کیلئے نام دوبارہ کابینہ کو بھیجے جا رہے ہیں اور کابینہ کی منظوری کو بعد جلد کی بورڈ اجلاس بلایا جائے گا۔سونے کی درآمد کے معاملے پر ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کمیٹی میں پیش کر دی گئی۔ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں رپورٹ کا جائزہ لیا جائےگی ، قائمہ کمیٹی تجارت کا اجلاس سینٹر ذیشان خانزادہ کی زیر صدارت ہوا، سینیٹر شوکت ترین کا کہنا تھا کہ بینکوں کو پابند کیا جائے کہ چھوٹے صوبے کے کاروباری طبقےکو بھی قرضے دیے جائیں۔ اس حوالے سے سٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے ساتھ معاملہ اٹھایا جائے۔ کمیٹی ارکان کو آئی ٹی انڈسٹری اور ای کامرس سیکٹر کی صلاحیت اور کارکردگی کے بارے میں پریزنٹیشن دی گئی۔