فنڈز جاری نہ ہونے کی وجہ سے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی ، ڈبلیو ایس ایس پی

October 05, 2022

پشاور(وقائع نگار ) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے ترجمان نے آل میونسپل ورکرز یونین ڈبلیو ایس ایس پی کے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر صرف ڈبلیو ایس ایس پی کا مسئلہ نہیں، صوبے کی تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کی تنخواہ میں بھی تاخیر ہوئی ہے۔ ترجمان نے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ حکومت نے ڈبلیو ایس ایس پی کو فنڈ جاری نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر ہوئی جیسے ہی حکومت سے فنڈ ملینگے تنخواہیں جاری کی جائیں گی، ڈبلیو ایس ایس پی ہمیشہ سے بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کی کوشش کرتی آرہی ہے اور پچھلے کئی سالوں سے بروقت تنخواہیں ادا کی جاتی رہیں تاہم پچھلے ایک دومہینوں سے حکومت سے فنڈ تاخیر سے ملتا ہے جس کی وجہ سے تنخواہوں کی بروقت ادائیگی ممکن نہیں ہوئی جیسے ہی حکومت سے فنڈملے گا اسی روز تنخواہیں ادا کر دی جائیں گی۔ ترجمان نے کہا کہ حکومت اور عوامی حلقے دونوں ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی کا اعتراف کرتے آرہے ہیں حکومت سے فنڈ ملنے میں تاخیر کے بہانے ڈبلیو ایس ایس پی کے خلاف بے بنیاد اور من گھڑت باتیں پھیلانے سے گریز کیا جائے حکومت ڈبلیو ایس ایس پی کی کارکردگی سے خوش ہے تنخواہوں میں تاخیر کے خلاف یونین کی احتجاج کی کال بلاجواز ہے۔