آر ایم آئی لیبارٹری کو آئی ایس او ایکریڈیشن کا اعزاز مل گیا

November 25, 2022

پشاور (جنگ نیوز) رحمٰن میڈیکل انسٹیٹیوٹ لیبارٹری کو خیبرپختونخوا کی پہلی آئی ایس او 15189 ایکریڈیشن کا اعزاز حاصل ہوگیا۔ اس حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے مہمان خصوصی ڈی جی پاکستان نیشنل ایکریڈیشن کونسل عصمت گل خٹک نے خطاب کرتے ہوئے کہ آج انکو صحیح معنوں میں خوشی ہورہی ہے کہ اگر کسی ہسپتال کی لیبارٹری اچھی ہو تو وہاں کے ڈاکٹرز بھی مریض کا بہتر علاج کرسکتے ہیں۔ کافی لیبارٹریوں میں خراب رپورٹ کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہورہا ہے۔ سی ای او ار ایم آئی شفیق الرحمٰن نے کہا کہ آر ایم آئی نے دو دہائیوں کا بہترین سفر طے کیا ہے جس میں خطے کے عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔ انتظامیہ کی بھر پور کوشش ہے کہ بین الاقوامی معیار کے مطابق ہسپتال کی تمام ضروریات پوری کی جائیں۔ آر ایم آئی لیبارٹری کو آئی ایس او ایکریڈیشن ملنا اس بات کا ثبوت ہے کہ آر ایم آئی معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا۔ ڈائریکٹر لیبارٹری انیس عالم نے کہا کہ آر ایم آئی پر لوگوں کا اعتماد بڑھ گیا ہے جبکہ آئی ایس او ایکریڈیشن کا ملنا انتظامیہ اور تمام لیبارٹری سٹاف کی انتھک محنت اور کوششوں سے ہی ممکن ہوا ہے۔ ایکریڈیشن حاصل کرنا اعزاز کی بات ہے اور میری ٹیم اس اعزاز کو برقرار رکھے گی اور پاکستان ایکریڈیشن کونسل کے تمام ضروری احکامات پر عمل کرے گی۔