پشاور میں سوئی گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کیخلاف شہری سراپا احتجاج

November 28, 2022

پشاور(نامہ نگار) عوامی نیشنل پارٹی نے پشاور کے پوش علاقے گلبرگ،النور سٹریٹ،نوتھیہ جدید اور اقبال سمیت مختلف علاقوں میں تین سال سے جاری سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے خبردار کیاہے کہ اگرایک ہفتے کے اندر اندر سوئی گیس بحال نہ ہوئی تو مین روڈ بلاک کرکے متلعقہ حکام کے خلاف بھرپور احتجاج کیاجائےگا،اس بات کا اعلان اے این پی کے رہنماؤں اتوار کے روز اے این پی گلبر گ صدر شوکت خان کے حجرے میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اجلاس سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 75سے اے این پی کے متوقع امیدوار ارسلان خان ،سابق ناظم کفایت اللہ اورکزئی ،اے این پی سٹی کے سینئر رہنما نواب علی یوسفزئی اور اے این پی گلبرگ کے صدر شوکت خان نے بھی خطاب کیا ،مقررین نے صوبائی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے صوبے میں نو سال تک حکمرانی کے باوجودانہوں نے کرپشن کے سوا کچھ نہیں کیا پی کے 75سے تحریک انصاف کے ایم پی اے نے ووٹ لینے کےبعد آج تک حلقے کے مسائل حل کئے نہ ہی ان علاقوں کا دورہ کیا انہوں نے پارٹی کارکنوں خصوصاً پارٹی کے نوجوانوں پرچھوٹے چھوٹے اختلافات ختم کرنے اورآنے والے انتخابات کے لئے ابھی سے بھرپور تیاری شروع کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آنے والا دور اے این پی کا ہے جبکہ موجودہ حکمرانوں کو لوگ جوتے ماریں گے ،پی کے 75سے اے این پی کے متوقع امیدوار ارسلان خان نے کہا کہ اگرحلقے کےعوام نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا تو عوام کو مایوس نہیں کریں گے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ،ا ب بھی میرے دروازے حلقے کے عوام کے لئے دن رات کھلے ہیں ،عوام اپنے مسائل لے کر بلا ججھک میرے پاس آسکتے ہیں۔