بنوں ‘ بجلی لوڈشیڈنگ کیخلاف پہیہ جام ہڑتال کرنے کا اعلان

November 28, 2022

بنوں (نمائندہ جنگ ) بنوں کے شہریوں، تاجروں اور منتخب کونسلروں نے بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف پہیہ جام ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا ۔گزشتہ روز میلاد پارک میں تاجروں، کونسلروں اور شہریوں کا احتجاجی اجلاس ہوا جس میں پیسکو کی طرف سے جاری ضلع بھر میں بجلی لوڈشیڈنگ کی شدید مذمت کی گئی اور باہمی مشاورت کے بعد احتجاج فیصلہ کیا گیا ۔متحدہ انجمن تاجران کے رہنماڈاکٹر عبدالرؤف قریشی نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پیسکو کی طرف سے شہری اور دیہی علاقوں میں غیر اعلانیہ طویل بجلی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلے میں ہم نے سرکل افسروں سے بار بار ملاقاتیں کیں اور اس مسئلے کا پُرامن حل نکالنے کیلئے ہر ممکن کردار ادا کیا لیکن انہوں نے ہمیشہ جھوٹی تسلیاں اور یقین دہانیاں کرکے دھوکے میں رکھا۔ لیکن اب مزید یہ ظلم و زیادتی برداشت سے باہر ہوگئی ہے لہٰذا اس سلسلے میں تاجروں، مشران، منتخب کونسلروں اور عوام کا گرینڈ جرگہ بدھ کو میلاد پارک میں ہوگا جبکہ جمعرات کو پیسکو کی طویل بجلی لوڈشیڈنگ کے خلاف پُرامن مظاہرہ اور احتجاجاً پہیہ جام ہڑتال ہوگی ۔