حضرت شاہ رکن عالم ؒکے عرس پر فول پروف سیکیورٹی کی ہدایت

November 30, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر)سی پی او ملتان خرم شہزاد حیدر نے عرس حضرت شاہ رکن عالم رحمتہ اللہ علیہ کے موقع سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے پولیس لائنز ملتان میں پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ کی۔ایس ایس پی آپریشنز ملتان حسام بن اقبال ان کے ہمراہ تھے۔ ایس پی گلگشت ڈویژن کیپٹن ر قاضی علی رضا، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور دیگر پولیس افسران میٹنگ میں شریک ہوئے ۔سی پی او ملتان نے تمام پولیس افسران کوہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے عرس کے دوران فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ دربار میں داخل ہونے والے افراد کو ایس او پی کے مطابق چیکنک کے بعد دربار میں داخل ہونے دیا جائے ۔تمام پولیس افسران غیر جانبداری، خوش اخلاقی اور دیانتداری سے ڈیوٹی سرانجام دیں۔ عرس حضرت شاہ رکن عالم رحمتہ اللہ علیہ کے موقع پر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ملتان پولیس کے 1200 سے زائد پولیس افسران و جوان شفٹ وائز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس، محافظ اسکواڈ اور پولیس کے چاک و چوبند دستے دربار کے گرد و نواح میں گشت کریں گے۔اس کے علاوہ 04 ریزروز پولیس لائنز ملتان میں الرٹ رہیں گی جن سے بوقت ضرورت ڈیوٹی فراہم کی جائے گی۔تمام تر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں جہاں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے گی۔