نئی پچ بنانے کا دعویٰ ہوا ہوگیا، انگلینڈ نے چھ کی اوسط سے رنز بنائے

December 02, 2022

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) ٹیسٹ کرکٹ کو سب سے دلچسپ فارمیٹ کہا جاتا ہے ۔ بیٹنگ پیراڈائز پر پاکستانی بولروں کی ایسی درگت بنی کہ انہیں چھٹی کا دودھ یاد آگیا۔ پنڈی اسٹیڈیم کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ کے بعد آئی سی سی نے ایک ڈی میرٹ پوائنٹ دیا تھا اور اس بار بولروں کے خلاف بیٹرز حاوی رہے۔ پی سی بی کی جانب سے نئی پچ بنانے کا دعوی محض دعوی ہی رہ گیا۔ زیک کرالیانگلینڈ کیلئے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والے اوپنر بن گئے۔ ایک دن پہلے انگلش ٹیم کے آٹھ کھلاڑیوں کاپیٹ خراب تھا لیکن جمعرات کو ان کی بیٹنگ دیکھ کر ایسا نہیں لگ رہا تھا کہ ان میں سے کوئی بیمار تھا۔ انگلینڈ کے اوپنرز زیک کرالی اور چھ سال بعد ٹیم میں واپس آنے والی بین ڈکٹ نے پاکستانی بولروں کی خوب درگت بنائی اور 6 رنز فی اوور سے زائد کی اوسط سے رنز اسکور کیے اور پہلی وکٹ پر 233 رنز بنائے۔ انگلش اوپنرز نے نسیم شاہ کے پہلےاوورز میں 14رنز بنائے جو بذات خود ایک ریکارڈ ہے ۔ اوپنرز نے جارحانہ انداز میں نصف سنچریاں اسکور کیں اور یہ انگلینڈ کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ دونوں اوپنرز نے 50 یا اس سے کم گیندوں پر ٹیسٹ کرکٹ میں نصف سنچریاں اسکور کیں۔ کھانے کے وقفے تک انگلش اوپنرز نے بغیر کسی نقصان کے 174 رنز بنائے جو انگلش ٹیسٹ تاریخ میں میچ کے پہلے دن اوپنرز کی جانب سے کیا گیا اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔