بریسٹ کینسر آگاہی مہم سے شعور اجاگر ہوا ہے،خاتون اول

December 02, 2022

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی مہم سے لوگوں میں شعور اجاگر ہوا ہے اور لوگوں کو یہ بات باور کرانے میں کافی حد تک کامیاب ہوئے ہیں کہ جلد تشخیص میں ہی بریسٹ کینسر کا علاج ممکن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو صحت کہانی کے زیر اہتمام ’’میں زندہ بچ سکتی ہوں‘‘ کے موضوع تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آپ خود اپنی صحت کی ذمہ دار ہیں ،اس کا بھرپور خیال کریں اور خود کو نظر انداز مت کریں کیونکہ نہ صرف آپ کاخاندان بلکہ پورا معاشرہ خواتین کی شراکت پر انحصار کرتا ہے۔ ڈاکٹر نائلہ انجم زاہد، ڈاکٹر سارہ سعید خرم ، فرحان اختر آفریدی ، شیرین چھیبا اور آمنہ سلمان بٹ نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔