شہری بھاری مالیت کی نقدی، زیورات سے محروم، 4 گاڑیاں، 29 موٹر سائیکل غائب

December 03, 2022

اسلام آباد ( خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی اسلام آباد میں شہریوں کو 5 گاڑیوں، 29 موٹر سائیکلوں، لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان سے محروم کر دیا گیا۔ تھانہ وارث خان کی حدود سے دانش علی کی فر نچائز سے پارسل موبائل مالیت 1316500 روپے ، بنی کی حدود سے محمد فہیم کے گھر سے 50 تولہ سونا اور 2لاکھ 80ہزار روپے اڑا لیے گئے۔ تھانہ وارث خان پولیس کو ذوالفقاراحمد نے درخواست دی کہ احتشام علی خان نے مجھ سے امانتاً طلائی زیورات مالیتی 7975000 روپے لیا جو اب واپس نہیں کر رہا۔ مورگاہ پولیس کو محمد عامر نے بتایا کہ اپنی فیملی کے ہمراہ ائر پورٹ سے واپس آ رہا تھا جب ایوب پارک کے پاس پہنچے تو پیچھے سے ایک کار نے ہماری گاڑی کو روکا جس میں 3 افراد سوار تھے جنہوں نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کیا اور ہماری تلاشی کے بہانے 2500ریال اور 50000 روپے لیکر فرار ہو گئے۔کورال کے علاقے میں نذیر وغیرہ نے آفتاب کو پلاٹ دلوانے کا جھانسہ دے کر دس لاکھ روپے ہتھیالیے۔کورال کے علاقے میں علی اصغر کی دکان میں داخل ہونے والے ڈاکو نقدی اور گھی کے ڈبے لے اڑے۔کھنہ کے علاقے میں سعید خان کو 21لاکھ سے زائد مالیت کا جعلی پے آرڈر دے کر گاڑی سے محروم کردیاگیا۔ دیگر تھانوں کی حدود میں بھی متعدد وارداتیں ہوئیں۔