غیر ملکی کرنسی اسمگلنگ کی کوشش ناکام ، مسافر گرفتار

December 04, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کسٹمز جناح انٹر نیشنل ائرپورٹ کلکٹریٹ کراچی نےغیر ملکی کرنسی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے دبئی جانے والے محمد شاہد نامی مسافر کو لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔ ترجمان کسٹمز کے مطابق گزشتہ رات کراچی سے بذریعہ امارات ائر لائن کی پرواز EK 607 سے دبئی جانے والے محمد شاہد نامی مسافر کےہینڈ بیگ کی تلاشی لی اور اس میں خفیہ طریقہ سے چھپائی گئی غیر ملکی کرنسی کو تحویل میں لیکر ضبط کر لیا ،ضبط کی گئی کرنسی میں 16940 یورو 1500 امریکن ڈالر 1300 ٹرکش لیرا اور ایک لاکھ پاکستانی روپے شامل ہیں ،اس کرنسی کی مجموعی مالیت پاکستانی4654350 روپے ہے ترجمان کے مطابق ملزم کو کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے۔