مینو فیکچرنگ اور ہائیڈرو ٹیکنالوجی سینٹر کے قیام کیلئے معاہدہ

December 06, 2022

پشاور(خصوصی نامہ نگار) یو ایس پاکستان سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز ان انرجی پشاور میں خیبر پختونخوا کے مقامی مینوفیکچرنگ اور منی مائیکرو ہائیڈرو ٹیکنالوجی کی کوالٹی ٹیسٹنگ کے معیار کوجانچنے اور معیاری بنانے کیلئے ایک سنٹر آف ایکسیلینس قائم کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں انجینئر نگ یونیورسٹی پشاور کے یو ایس پاکستان سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز ان انرجی میں پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو)، ہائیڈرو پاور پلانٹ (ایچ پی پی) فرانس اور یو ای ٹی پشاورنے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔ یادداشت پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین، ایچ پی پی کے نمائندہ ڈاکٹر کامل تارڑ اور پیڈو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر قاضی محمد نعیم نے پائیدار توانائی کی ٹیکنالوجیز پر بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں دستخط کئے۔ ڈین فیکلٹی آف میکینکل پروفیسر ڈاکٹر سحر نور،ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل پروفیسر ڈاکٹر امجد اللہ، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر خضر اعظم خان ، ایڈوانسڈ سٹڈیز سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان داؤد، ڈائریکٹر اوریک ڈاکٹر نصرو من اللہ، پیڈو اور ایچ پی پی فرانس کے حکام بھی موجود تھے۔یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں ہائیڈرو پاور کی بے پناہ صلاحیت کے باوجود مائیکرو اور چھوٹے ہائیڈرو پراجیکٹس کی ترقی میں سب سے بڑی رکاؤٹ پاکستان میں ہائیڈرو ٹربائنز بنانے کے لئے بین الاقوامی معیار کی تکنیکی مہارت کا فقدان ہے۔معاہدے کا مقصد پاکستان میں توانائی کے بحران کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے بالترتیب پیڈو اور ایچ پی پی فرانس کی تکنیکی اور مالی معاونت کے ذریعے مائیکرو سمال ہائیڈرو ٹیکنالوجی میں سنٹر آف ایکسیلینس کا قیام ہے۔ ایچ پی پی فرانس مائیکرو اور سمال ہائیڈرو ٹربائن مینوفیکچرنگ میں پیشہ ور افراد کی تربیت کرے گا اور یورپی معیارکےمطابق مائیکرو اور سمال ہائیڈرو ٹیکنالوجی میں مدد بھی فراہم کرے گا۔ سنٹر کے قیام سے خیبر پختونخوا کے ہائیڈرو اور چھوٹی ہائیڈرو پاور کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔