گیس بحران پر صارفین سراپا احتجاج، کھانا بنانے سے بھی عاجز

December 07, 2022

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی، نامہ نگار) سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی شہر میں گیس کا بحران مزید بڑھ گیاجس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔کھانے پینے کے اوقات میں گیس کی عدم دستیابی نے حکام دعووں کو غلط ثابت کر دیا۔سکول، کالج اور یونیورسٹی جانے والےطلبہ و طالبات گیس نہ ہونے کے باعث بغیر ناشتہ کئے گھروں سے جانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ادھرگیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ سے عوام سلنڈر خریدنے سے بھی قاصر ہیں۔راولپنڈی کے علاقہ میڈیا ٹاؤن، ٹیپو روڈ، چمن زار، جہانگیر روڈ، سرسید روڈ، آریہ محلہ، کمال آباد، جھنڈا چیچی، دھمیال روڈ اشرف کالونی، کہکشاں کالونی، اڈیالہ روڈ، مسلم ٹاؤن صادق آباد، ،چکلالہ اسکیم تھری،ڈھوک چوہدریاں، غریب آباد، ، ڈھوک الہیٰ بخش،ڈھوک کھبہ، آریہ محلہ، ڈھوک رتہ، ڈھوک مظہر آباد، ڈھوک دلال،ڈھوک کشمیریاں،ڈھوک منگٹال، گلزار قائد،ائیر پورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی، فضل ٹاؤن،افضل ٹاؤن، ورکشاپی محلہ، جناح کالونی اور دیگر متعدد علاقہ اس وقت گیس کے بحران کی لپیٹ میں ہیں ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اور 24 گھنٹے گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔ دریں اثناء ا یس این جی پی ایل راولپنڈی ریجن حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ بعض علاقوں میں گیس کے کم پریشر کی شکایات کا نوٹس لیکران علاقوں میں فوری گیس پہنچانے پر کام شروع کر دیا گیاہے۔ جنرل منیجر راولپنڈی ریجن سید مختار شاہ کی ہدایت پر بعض علاقوں کیلئے 6 انچ قطر کی نئی لائن ڈال دی گئی ہے جس سے خرم کالونی، النور کالونی، مسلم کالونی اور ڈھوک گنگال سمیت دیگر علاقوں میں گیس پریشر میں بہتری کر دی گئی ہے۔ ادھر میڈیا ٹاؤن صارفین کے مطابق قریبی آبادیوں میں گیس فراہمی کے باوجود ان کے ساتھ ناروا سلوک کیا جارہا ہے۔ دن بھر زیرو پریشر کے باعث کھانا بنانا بھی ناممکن ہو کر رہ گیا ہے۔ رہی سہی کسر شام 8 سے صبح 6 بجے تک گیس کی بندش نے پوری کر دی ہے ۔ اس صورتحال میں بزرگوں اور بچوں کیلئے ہیٹر تو درکنار صبح فجر کی نماز میں وضوکیلئے گرم پانی بھی دستیاب نہیں ہوتا۔