عمران خان کا جھوٹا بیانیہ قوم کے سامنے عیاں ہو چکا: حمزہ شہباز

December 08, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر )سابق وزیر اعلی ٰپنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان نے اقتدار کے مزے لوٹے لیکن ملک کے22 کروڑ سے زائد غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے آ ٹے میں نمک کے برابر بھی اقدامات نہیں کیے اس کے ساتھ ساتھ سیاست میں بداخلاقی کا کلچر متعارف کرا کر نئی نسل کو گمراہی میں مبتلا کردیا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف معاشرے میں بے چینی پھیلی ہوئی ہے بلکہ والدین بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن شعبہ خواتین کی سٹی صدر وسابق رکن صوبائی اسمبلی سلطانہ شاہین،جنرل سیکرٹری وسابق رکن قومی اسمبلی شاہین شفیق سے پارٹی سیکریٹریٹ میں کی گئی ملاقات میں کیا ،حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ چند ہزار پر مشتمل جنونیوں کا جتھہ ہے جس نے سیاست کو داغدار کرکے رکھ دیا ہے سیاسی،جمہوری عمل میں عوام کی خدمت کرنے کا نام سیاست ہے عمران خان کا جھوٹا بیانیہ پوری قوم کے سامنے عیاں ہو چکا ہے ۔