مفاہمت نہیں کی جائے گی، میئر ہمارا ہی ہوگا، حافظ نعیم الرحمنٰ

January 26, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر )امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمنٰ نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں شاندار کامیابی اور نمبر ون پارٹی کی حیثیت سے عوامی مینڈیٹ حاصل کر کے جماعت اسلامی نے کراچی میں جو انتخابی پیش رفت کی ہے اسے مستحکم کیا جائے گا، میئر کے معاملے پر کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی، میئر ہمارا ہی ہوگا، آئندہ دنوں میں اتفاق رائے سے میئر بنانے کی سرگرمیوں اور کوششوں کے ساتھ ساتھ عوامی رابطہ مہم شروع کی جائے گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں بلدیاتی انتخابات کے بعد پیدا شدہ صورتحال اور کراچی کے عوام کے مسائل اور موجودہ و ماضی کی حکومتوں کے کردار کے حوالے سے سینئر صحافیوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ اگر کراچی میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوتے تو پیپلز پارٹی کی یہاں 70سے بھی کم سیٹیں ہوتیں۔ پیپلز پارٹی اورسندھ حکومت نے پہلے دیہی حلقہ بندیوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ اور حکومتی مشینری و اختیارات اور انتخابی عملے کے ذریعے نتائج میں ہیر پھیر کر کے انتخابی دھاندلی کی اور جو من پسند نتائج حاصل کیے۔