عثمان بزدار سمیت متعدد شخصیات سے اضافی سیکیورٹی واپس لے لی گئی

January 27, 2023

لاہور(پی پی آ ئی)سابق وزرائے اعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی اور عثمان بزدار سمیت متعدد شخصیات سے اضافی سکیورٹی واپس لے لی گئی۔

پولیس حکام کے مطابق سابق وزرائے اعلی پنجاب عثمان بزدار اور پرویز الہی سے اضافی سیکورٹی واپس لے کر دونوں کو گرین بک کے مطابق سیکورٹی دی جا رہی ہے، اور 554 اہلکار متعلقہ تھانوں اور یونٹس میں واپس بھجوا دیئے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق پرویزالٰہی کے بیٹے مونس الٰہی سے بھی پولیس کی گاڑی اور نفری واپس بلا لی گئی ہے، سابق وزرا اسلم اقبال، راجہ بشارت، یاسمین راشد اور مراد راس سے کی بھی اضافی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ سابق وزیر اعلی کے مشیرخرم منور، مصدق عباسی، عمر سرفراز چیمہ، ہارون گل، پیر سیف، عباس علی شاہ اور طاہر اشرفی سے بھی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے۔