توہین قرآن،دینی جماعتوں کی جانب سے آج مظاہرے ہوں گے

January 27, 2023

لاہور(خبرنگار)سویڈن اورہالینڈمیں قرآن پاک کی بے حرمتی کیخلاف آج جمعۃ المبارک کے اجتماعات کے بعد ملک بھر میں مظاہرے ہونگے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔ جماعت اسلامی، پاکستان سنی تحریک، تحریک لبیک پاکستان، تحریک لبیک یا رسول اللہؐ، جے یو پی نورانی،سنی علماکونسل،مجلس وحدت المسلمین اورمجلس تحفظ ختم نبوت سمیت مختلف دینی جماعتوں نے آج مظاہروں کی کال دی ہے۔ مظاہروں کی قیادت دینی جماعتوں کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی راہ نما کریں گے، کارکنان سمیت عوام الناس کی کثیر تعداد شرکت کرکے اقوام عالم کی اِس اہم معاملے پر توجہ مبذول کرائیں گے۔سربراہ سنی علما کونسل مولانا محمد احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ اسلامی ممالک سویڈن وہالینڈ سے سفارتی تعلقات منقطع کریں ۔ افسوس ناک واقعہ سے مسلم امہ کی سخت دل آزاری ہوئی ہے ۔ او آئی سی، اقوام متحدہ و عالمی برادری توہین شعائر اسلام کو دہشت گردی قرار دیں تاکہ آئندہ ایسے مجرمانہ فعل کی روک تھام ہوسکے۔ جمعیت علماپاکستان کے سربراہ ڈاکٹر ابوالخیر محمد زبیر ،علامہ زوار بہادر ، صفدر شاہ گیلانی ، جاوید اعوان ، نصیر احمد نورانی ،مفتی تصدق حسین اوردیگر رہنما مختلف مظاہروں سے خطاب کریں گے ۔