قرآن پاک کی بیحر متی افسوسناک، دنیا بارود کے ڈھیر پر کھڑی ہے‘ جے سالک

January 28, 2023

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) سابق وفاقی وزیر اور کنونیئر مینارٹیز الائنس جولیس سالک نے سویڈن اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے فعال کردار پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بارود کے ڈھیر پر کھڑی ہے‘ چار دہائیوں سے اس حساس مسئلے کی نشاندہی کر رہا ہوں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب دوسرے مذاہب اور عقائد کا درس دیتے ہیں۔ میثاق مدینہ مختلف عقائد کے درمیان رواداری اور بقائے باہمی کو فروغ دیتاہے۔ اقوام متحدہ ایسی ریاستوں کو امداد نہ دے جہاں مذاہب اور اقلیتوں کے حقوق کا احترام نہ ہو۔ کینٹر بری کے آرچ بشپ اور امام کعبہ کو ایسی ریاستوں کا سماجی بائیکاٹ شروع کرنے کی مہم کی قیادت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جلد واشنگٹن میں ڈبلیو ایم اے کے پلیٹ فارم سے بین المذاہب کانفرنس منعقد کرینگے تاکہ تشدد کو ہوا دینے والے عناصر کے تدارک پر زور دیاجائے۔