پنجاب بار کونسل نے مبینہ 564 جعلی ڈگری کے حامل وکلاء کی رکنیت منسوخ کردی، مقدمات بھی درج کرا دی

January 29, 2023

کراچی (اسد ابن حسن) پنجاب بار کونسل کی ایگزیکیٹو کمیٹی نے صوبے بھر کے 564وکلاء کی ڈگریوں کو مبینہ طور پر جعلی قرار دیتے ہوئے ان کی رکنیت منسوخ کر دی ہے اور ان کے خلاف مقدمات بھی درج کرا دیئے ہیں۔ بیشتر کا تعلق لاہور سے ہے۔ پنجاب بار کونسل کی چھ رکنی ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں وکلاء کے ناموں کے آگے کالم میں فورجڈ ( جعلی) اور بوگس (جعلی)بھی تحریر کیا گیا ہے جبکہ یہ بھی تحریر کیا گیا ہے کہ کن کے خلاف مقدمہ درج ہوا ہے۔ فہرست کے ابتدائیہ میں تحریر کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے تناظر میں اسکروٹنی شروع کی گئی۔ تعلیمی اسناد تقریبا 900نام نہاد وکلا کی جعلی پائی گئی اور تمام کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے۔ 15وکلاء کی تعلیمی اسناد جعلی ثابت ہوگئیں۔ مزید تحریر کیا گیا ہے کے 40وکلاء کی ڈگریاں امریکہ کی نیو کیسل یونیورسٹی واشنگٹن سے حاصل کردہ پیش کی گئیں مگر اس یونیورسٹی کا وجود آج تک نہیں مل سکا۔ یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ 143جعلی ڈگریوں والے وکلاء نے از خود سرنڈر کر دیا اور جرمانہ بھی ادا کر دیا۔ پنجاب بار کونسل نے 21وکلاء کے لائسنس منسوخ کر دیئے ہیں۔ نوٹیفکیشن میں پنجاب بار کونسل کے اینرولمنٹ کمیٹی کے سربراہ جسٹس مسعود عابد نقوی کے ریمارکس کا بھی حوالہ دیا گیا ہے کہ جعلی وکلاء کے نام پنجاب بار کونسل سے خارج کئے جائیں اور ان کے لائسنس منسوخ کئے جائیں۔