ضمنی انتخاب میں 16 مارچ کو دلچسپ مقابلہ، عمران خان کراچی کی نو نشستوں پر امیدوار ہوں گے

January 29, 2023

اسلام آباد (صالح ظافر) کراچی کے نو حلقے، ملتان کی ایک، اسلام آباد کی ایک نشست پر 16 مارچ کو دلچسپ مقابلہ ہوگا جہاں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کراچی کی نو نشستوں پر امیدوار ہوں گے جبکہ پی ٹی آئی کے سیکنڈ ان کمانڈ شاہ محمود قریشی ملتان میں مقابلہ کریں گے اور پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر دوبارہ اسلام آباد اسامی پر قسمت آزمائی کریں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان کراچی کی تمام نو نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی جہاں سہ فریقی مقابلہ متوقع ہے کیونکہ جماعت اسلامی بھی میدان میں اترے گی۔ پیپلز پارٹی بھی کراچی کی نشستوں پر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرے گی جہاں اس کی ایم کیو ایم پی کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ ہو گی جو کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ وفاقی حکومت میں اتحادی ہے۔ اعلیٰ سیاسی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ ضمنی انتخابات پی ٹی آئی اور اس کے قائد کی نام نہاد مقبولیت کے لیے لٹمس ٹیسٹ ثابت ہوں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے قومی اسمبلی کے 33 حلقوں پر ضمنی انتخابات کا اعلان 16 مارچ کو ہوگا جیساکہ 6 فروری سے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد اس کے لیے 38 دن کی مہم چلائی جائے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان نے اشارہ دیا تھا کہ حکمران اتحاد ضمنی انتخابات نہیں لڑے گا۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ اس حوالے سے باضابطہ فیصلہ اگلے ہفتے کے اوائل میں کیا جائے گا۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے کراچی سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور باقی 23 سیٹوں کے بارے میں اتوار تک حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔