سانحہ بیلہ: امان اللّٰہ کنرانی نےوزیر اعظم اور وفاقی وزیر پلاننگ کیخلاف درخواست دیدی

January 31, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ بار ایسوسی کے سابق صدر امان اللہ کنرانی ایڈووکیٹ نے بیلہ میں مسافر کوچ کے حادثے کو حکمرانوں کی عدم توجہی اور غفلت سے تعبیر کرتے ہوئے متعلقہ تھانے میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو شامل تفتیش اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کیلئے متعلقہ تھانے میں درخواست دے دی۔پولیس کی جانب سے کارروائی نہ کرنے کی صورت میں عدالت سے رجوع کیا جائیگا۔ درخواست میں کہاگیاکہ د رخواست گزار پاکستان کی سب سے بڑی عدالت سپریم کورٹ کا وکیل ہےاور ایوان بالا سینٹ کا رکن رہا ہے جبکہ 2018-19 کی مدت کےلیے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بھی رہے۔درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ انھیں گزشتہ صبح آپ کے تھانہ کی حدود میں ایک مسافر بس کے اندوہناک واقعہ کا علم ہوا جس میں درجنوں مسافر جاں بحق ہوئے آپ کے تھانہ میں ایف آئی آر نمبر 12/23 مورخہ 30 جنوری 2023 کو رجسٹر ہوئی جس میں بعض ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ قانون کے رو سے موت کے اسباب وسیع تر ہیں جس میں شاہراہ کی عدم کشادگی بھی شامل ہے ژوب تا کوئٹہ و خضدار و بیلہ و حب تا کراچی سڑک گزشتہ 75 سال سے ایک رویہ ہے پورا بلوچستان جو ملک کی کل جغرافیہ کا 47% ہےمیں کوئی ایک دو رویہ شاہراہ نہیں ہے جس کی وجہ سے کل کے اندوہناک واقع سمیت اس سے قبل ہزاروں جانوں کا قتل ہوا ہے مگر حکمرانوں کا بلوچستان میں دو رویہ سڑک کی تعمیر سے غفلت کے باعث یہ دل خراش سانحہ پیش آیا ہے اس لئے میری درخواست پر ملک کے چیف ایگزیکٹو و وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر پلاننگ کمیشن کی ان منصوبوں کی تکمیل سے عدم توجہی و غفلت ان اموات کی سبب بنی ہے اس لئے ایف آئی آر میں درج دفعات کا جرم کی ذمہ داری یکساں طور متعلقہ نامزد ملزمان پر عائد ہوتی ہے اس لئے ہر دو افراد کے خلاف دعویدار ہوں ان کے خلاف قانون کے مطابق چارہ جوئی کرتے ہوئے ان کو شامل تفتیش کرکے قرار واقعی سزا دینے کے لئے قانون و عدالت کے سامنے جوابدہی کے لئے پیش کیا جائے چونکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ایک وقوعہ کی بابت دوسری ایف آئی آر نہیں ہوسکتی تاہم وقوعہ کے بارے مختلف آراء کو شامل کیا جاسکتا ہے لہذا میری درخواست پر کاروائی عمل میں لائے جائے۔