کوئٹہ کراچی شاہراہ موٹر وے طرز پر تعمیر کی جائے، کرن بلوچ

January 31, 2023

کوئٹہ(پ ر )پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان خواتین ونگ کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات اور وزارت اوورسیز پاکستانیز اور انسانی ترقی کی فوکل پرسن برائے ای او بی آئی کرن بلوچ نے لسبیلہ میں کوچ کو پیش آنے والے المناک حادثے اور اس میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔اس اندوہناک واقعہ پر ہر آنکھ اشکبار ہے، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کراچی خونی شاہراہ پر آئے روز حادثات میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں،شاہراہ کی حالت انتہائی خراب ہے، دو رویہ سڑک کی منظوری کے باوجود تاحال کام شروع نہیں ہوا جس سے نقصانات ہو رہے ہیں،ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے ڈرائیورز کی غیر ذمہ داری کے باعث بھی حادثات رونما ہو رہے ہیں، بسوں میں حفاظتی انتظامات نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ٹریفک کا دباؤ زیادہ ہے دوسری جانب حالیہ بارشوں سے شاہراہ اور پلوں کو شدید نقصان پہنچاہے، انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ کراچی شاہراہ موٹر وے تعمیر کیا جائے اور ٹرانسپورٹرز کو سیفٹی اقدامات اٹھانے کی پابند بنایا جائےتاکہ آئندہ اس قسم کے نا خوشگوار حادثات پیش نہ آئیں۔