سیکرٹری ہیلتھ کا مراکز صحت کا دورہ، ناقص کارکردگی و صفائی پر برہم

February 01, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب محمد اقبال نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ اور دیہی مراکز صحت اچ شریف و چنی گوٹھ کا دورہ کیا ۔ جبکہ سیکریٹری کا دیہی مراکز صحت پر ناقص سروس ڈیلیوری اور صفائی کی ابتر صورتحال پر برہمی، ناقص کارکردگی پر انچارج دیہی مراکز صحت کی سرزنش کرتے ہوئے انہوں نےسروس ڈیلیوری موثر بنانے کی ہدایت کی۔سیکریٹری نے رورل ہیلتھ سنٹر اچ شریف کی اپ گریڈیشن ترقیاتی اسکیم کا بھی دورہ کیا۔بعد ازاں سیکریٹری نے ٹی ایچ کیو احمد پور شرقیہ کے دورہ کے دوران مختلف وارڈز میں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ایم ایس ڈاکٹر ڈاکٹر محمد عارف غوری نے بتایا کہ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ کو پاکستان کا پہلا ISO سرٹیفائیڈ سرکاری ہسپتال ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ہارٹیکلچر، صفائی اور سروس ڈیلیوری کے اچھے انتظامات پر ایم ایس اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے سیکریٹری محمد اقبال نے کہا کہ تمام ہسپتالوں میں موثر سروس ڈیلیوری کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ایمرجنسی سمیت تمام ان ڈور مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جائیں اور اس ضمن میں کوئی بھی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔