تاجر کی گاڑی پر فائرنگ، ڈرائیور سمیت زخمی، جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہوگئے

February 02, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گارڈن انٹر چینج کے قریب کار سوار مسلح ملزمان نے معروف بزنس مین محمد لاکھانی پر کی گاڑی پرفائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ اور ڈرائیو زخمی ہوگیا، تاجر کی جوابی فائرنگ سے ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق محمد لاکھانی اپنے ڈرائیور کے ہمراہ گھر سے لیاری ایکسپریس وے سے سائٹ ایریا اپنے دفتر جارہے تھے ، پولیس کےمطابق ان کی گاڑی لیاری ایکسپریس وے سے جیسے ہی بڑا بورڈ کی طرف جانب مڑی، گارڈن انٹرچینج پر سفیدکار نے اوورٹیک کر کے ان کی گاڑی پرفائرنگ کر دی ،گاڑی میں 4مشتبہ افراد سوار تھے،جیسے ہی ملزمان نے فائرنگ کی، محمد لاکھانی نے فوری جوابی فائرنگ کی تو حملہ آور فرار ہو گئے ، ملزمان کی فائرنگ سے وہ اور ان کا ڈرائیور زخمی ہو گئے، جنہیں فوری نجی اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں ان کی حالت خطرے سے باہربتائی جاتی ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے ابھی تک گولیوں کے کوئی خول نہیں ملے، گولیوں کے خول تلاش کئے جارہے ہیں ، جبکہ پولیس لاکھا نی کی گاڑی سے گولیوں کے 7 خول برآمد کر لیے ہیں، اطلاع ملنےپرپولیس، رینجرز جائے وقوع پر پہنچ گئی ،تاہم فوری مقدمہ درج نہیں کیا گیا، مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کیماڑی کا کہنا ہے کہ ملزمان سفید رنگ کی کارمیں سوار تھے، ان میں سے3 نے بزنس مین کی گاڑی پر فائرنگ کی جب کہ چوتھا کار چلا رہا تھا، ملزمان گھر سے نکلنے کے بعدسے ان کا پیچھا کر رہے تھے ، مشتبہ ملزمان نے چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا ، ایس ایس پی کا کہناہےکہ زخمی تاجر نے اپنے ابتدائی بیان میں پولیس کو بتایا کہ اسے بھتہ خوری کی کوئی دھمکی نہیں ملی، پولیس کاروباری دشمنی یا تنازع اور ذاتی دشمنی اس بارےمیں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا ، تاہم پولیس مختلف زاویوں سے کیس کی تفتیش کر رہی ہے ،دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ممتاز تاجر پر حملے کی مذمت کی اور واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی جاوید عالم اوڈھو سے رپورٹ طلب کرلی۔