اسٹاک مارکیٹ، کاروباری ہفتے کے اختتام پر مندی،262 پوائنٹس کم

February 04, 2023

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج،سرمایہ کاروں کی عدم دلچسپی کے باعث کاروباری ہفتے کے اختتام پر مندی ریکارڈ کی گئی ، کے ایس ای100انڈیکس میں262پوائنٹس کی کمی،56.87فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی،سرمایہ کاری مالیت 37ارب 33کروڑ 7 لاکھ روپے گھٹ گئی،کاروباری حجم بھی 15.33فیصد کم رہا، تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے 9ویں جائزہ اجلاس کے انتظار میں سرمایہ کارمارکیٹ میں زیادہ دلچسپی نہیں لے رہے،کاروباری ہفتے کے آخری روز کچھ سیکٹرز میں خریداری سے ٹریڈنگ کا آغاز اگرچہ مثبت زون میں ہوا جس کے بعد 100انڈیکس میں 139پوائنٹس تک کا اضافہ دیکھنے میں آیا لیکن اس کے بعد وزیر اعظم کا آئی ایم ایف سے متعلق بیان سامنے آگیا جس سے دوسری سیشن میں فروخت کا دباؤ بڑھ گیا اور انڈیکس 404پوائنٹس تک گھٹ گیا تاہم اختتام پر اس اتار چڑھاو کے بعد کے ایس ای100انڈیکس 262.35 پوائنٹس کی کمی سے 40471.16 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 67.20 پوائنٹس کی کمی سے 15162.58 پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 158.56 پوائنٹس کم ہو جانے کے بعد 27132.42 پوائنٹس سےکم ہو کر 26973.86 پوائنٹس پر آگیا،مارکیٹ میں مجموعی طور پر 320 کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا،116 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں اضافہ،182 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت میں کمی اور 22 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ،مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 37 ارب 33 کروڑ 7 لاکھ 39ہزار روپے کی کمی سے 6352 ارب 24 کروڑ 29 لاکھ 80ہزار روپے ہو گئی۔