کشمیریوں کی تحریک آزادی تکمیل پاکستان کی تحریک ہے، شرکاء سیمینار

February 05, 2023

راولپنڈی( سٹاف رپورٹر) کشمیر یو ں کی تحریک آزادی تکمیل پاکستان کی تحریک ہے۔ اس تحریک میں لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ کشمیری تنہا نہیں ہیں، پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر ہے۔ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعلی گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن، سابق امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبد الرشید ترابی، مشعال ملک، امتیاز وانی، عبدالحمید لون ،خاور نواز راجہ،عدیل بشیر ،محمد ظہیر اور دیگر نے کشمیر جرنلسٹس فورم کےزیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ ساری پاکستانی قوم ، جماعتیں کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور کشمیر کاز کی حمایت کرتے ہیں۔ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے ۔کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان تک ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ عبد الرشید ترابی نے کہا کہ کشمیری عوام نے اول روز سے اپنی منزل کا تعین کرلیا تھا اور ان کی منزل کشمیر کی آزادی اور تکمیل پاکستان قرار پائی، کشمیری آج بھی تکمیل پاکستان کےلیے تاریخ ساز قربانیاں پیش کررہے ہیں ا ورا ن شا ءاللہ ان قربانیوں کے نتیجے میں کشمیری آزادی کی منزل حاصل کرکے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کاز کےلیے قائداعظم محمد علی جناح کی پالیسی کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ قائد حریت سید علی گیلانی سمیت مجاہدین حریت کی جدو جہد اور قربانیاں ہمارے لیےمشعل راہ ہیں ہماری حریت قیادت نے سیاسی جد وجہد شروع کی انتخابات میں حصہ لیا لیکن بھارت نے دھاندلی کے آخری ریکارڈ توڑے تو پھر مجبور ہوکر کشمیری مسلح جدو جہد اختیار کرنے پر مجبور ہوئے ۔ مشعال ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنا جھوٹ بیچ رہا ہے ہمیں اپنے سچ کو دنیا تک پہنچانا ہوگا ۔کشمیریوں سے یکجہتی اسی صورت ہوسکتی ہے جب ہم کشمیر کاز کو آگے بڑھائیں اور اس مسئلے کے حل کےلیے اپنا کردار ادا کریں ۔بھارت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے، ہر روز کشمیری شہید کیے جارہے ہیں لیکن پاکستان سے اس طرح کی آواز بلند نہیں ہورہی جس کی ضرورت تھی۔ کشمیر پر ہمارا رویہ قابل افسوس ہے۔ امتیاز وانی نے کہا کہ پاکستانی عوام کی طرف سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر دلی مشکور ہیں۔ بھارت کے تمام تر ظلم وجبر کے باوجود آزادی کی تحریک پورے عزم و حوصلے سے جاری ہے۔حریت راہنما عبدالحمید لون نے کہا کہ کشمیر و پاکستان لازم و ملزوم ہیں ،انہیں ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جاسکتا۔خاور نواز راجہ نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پاکستانی عوام نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کا ساتھ ہے ۔