شجرکاری سے زیادہ فائدہ مقامی آبادی کو ہوتا ہے، شاہد نور خٹک

February 06, 2023

پشاور (جنگ نیوز) جنگلات کی بحالی کے کئی اہداف ہونے چاہئے جن میں ماحولیاتی تبدیلی کو روکنا‘قدرتی ماحول کو تحفظ فراہم کرنا ‘لوگوں کو ثقافتی ومعاشی فائدے پہنچا نا‘شجرکاری ماحولیاتی تبدیلی سے بچنے اور نباتاتی تنوع کے تحفظ کا بہترین طریقہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈویژنل فارسٹ افیسر اورکزئی فارسٹ رینج شاہد نور خٹک مفت پوپلر درختوں کی تقسیم کے موقع درہ بازار میں کیا۔اس موقع پرفارسٹ رینج افیسر ایف آرکوہاٹ علی ہلال ‘فارسٹر سیف اللہ خٹک اور سماجی کارکن ملک وزیر آفریدی سمیت معززین علاقے نے کہا کہ غلط پودے غلط جگہوں پر لگانافائدے کی بجائے نقصان ہوسکتاہے۔ جنگلات لگانے کے اصولوں میں سب سے پہلے جنگلات کا تحفظ اوراس کوشش میں مقامی لوگوں کو شامل کیا جاناچاہئے ۔ایک اندازے کے مطابق اس وقت پاکستان میں 50کروڈ درخت لگائے جا چکے ہیں جنگلات دنیا کے تین چوتھائی حیوانات اور نباتات کو محفوظ بناتے ہیں اور فضا سے کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتے ہیں نیز خوراک‘ ایندھن اور ادویات بھی فراہم کرتے ہیں ۔وہ لوگوں کو یہ ترغیب دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جہاں ممکن ہو وہاں جنگلات اگانے کی کوشش کریں اس بات کا مشاہدہ کئی مرتبہ کیا جاچکاہے کہ جہاں کہیں بھی مقامی عوام کو شجرکاری یا جنگلات لگانے کی مہمات میں شامل کیا گیا وہ کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہیں کیونکہ جنگلات کو محفوظ رکھتے ہیں جس سے سب سے زیادہ فائدہ مقامی آبادی ہی کو ہوتا ہے۔