وزیر اطلاعات سندھ کا ترکیہ اور شام کے عوام سے اظہار یکجہتی

February 08, 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) سندھ کے وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلے میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے، سندھ حکومت اور سندھ کی عوام مشکل گھڑی میں زلزلہ متاثرین سے یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں۔ گزشتہ روز سندھ کابینہ نے فوری طور پر زلزلہ متاثرین کی امداد کے لئے 1 لاکھ خیمے ترکیہ روانہ کرنے کی منظوری دی ہے، زلزلے سے ہونے والی تباہی پر دنیا کا ہر دردمند انسان افسردہ اور غمگین ہے۔ وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اور حکومت مشکل کے اس وقت میں اپنے ترک بھائیوں کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتی ہیں، حکومت پاکستان اور سندھ حکومت ترکیہ حکومت اور عوام کی جانب سے ہر مشکل وقت میں کام آنے کی خدمات کو کبھی نہیں بھلا سکتے۔