پولیس سروس کے گریڈ 21 اور 20 کے افسران کی سینیارٹی لسٹ جاری

February 09, 2023

کراچی (اسد ابن حسن) اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21اور گریڈ 20کے افسران کی ضمنی سینیارٹی فہرست جاری کر دی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سیکشن آفیسر معراج محمد خان نے اس حوالے سے دو علیحدہ نوٹیفکیشن گزشتہ روز جاری کیے۔ گریڈ 21میں مجموعی طور پر52اور گریڈ 20کے 178افسران سینیارٹی فہرست میں شامل ہیں۔ یہ سینیارٹی 2018سے 2022 تک کی ہے۔ گریڈ 21 کے افسران میں 27 کا تعلق پنجاب سے، 13 کا سندھ سے، 7 کا خیبرپختونخوا سے، 3 کا بلوچستان سے اور ایک ایک کا فاٹا اور آزاد جموں اور کشمیر سے ہے۔ سندھ پولیس کے سربراہ غلام نبی میمن کا نام فہرست کے آخری نمبر پر ہے۔ دوسرا نوٹیفیکیشن جو گریڈ 20 کے پولیس افسران کا ہے اس میں 178 کے نام شامل ہیں۔ نوٹیفیکیشن میں یہ بھی تحریر کیا گیا ہے کہ اگر کسی پولیس افسر کو مذکورہ سینیارٹی پر کوئی اعتراضات ہوں تو دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ 14 یوم کے اندر رابطہ کرسکتا ہے۔