واسا کی دیرینہ نادہندگان اور غیر قانونی کنکشنز کے خلاف خصوصی ریکوری مہم جاری

February 09, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب محمد آصف چوہدری کی ہدایت پر واسا کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے واسا کے دیرینہ نادہندگان اور غیر قانونی کنکشنز کے خلاف خصوصی ریکوری مہم کا سلسلہ جاری ہے اور ڈیفالٹرز کے خلاف بلا امتیازکاروائی کی جارہی ہے،منیجنگ ڈائریکٹر واسا چوہدری محمد دانش نے تمام ریکوری افسران کو ہدایت کی ہے کہ تمام نادہندگان خصوصاًکمرشل ڈیفالٹرزکے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے اور ان سے 100فیصد ریکوری کو یقینی بنایا جائے جب کہ ڈائریکٹر ریکوری منصور احمد کی نگرانی میں سپیشل ڈسکنکشن ٹیمیں پولیس فورس کے ہمراہ ڈیفالٹرز کے خلاف متحرک ہیں، گزشتہ روز شہر بھر میں 15 سرکل انچارج نے سیوریج اور واٹر سپلائی کے بل ادا نہ کرنے والے اور غیر قانونی کنکشنز کے حامل گھریلو اور کمرشل صارفین کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 107 کنکشنز منقطع کیے اور 28496روپے کی ریکوری کی، اس موقع پر نادہندگان کو ڈیڈ لائن دی گئی کہ وہ اپنے ذمہ واسا بلوں کی مد میں واجبات کی ادائیگی ہر صورت یقینی بنائیں، بصورت دیگر ان کے کنکشن منقطع کرنے کے ساتھ ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔