دیہی مارکیٹوں میں سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر کیا جائے، احسن بختاوری

March 19, 2023

اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ کاروبار اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک محفوظ اور پرامن ماحول کا قیام اشد ضروری ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلام آباد پولیس آئی سی سی آئی کو اعتماد میں لے کر دارالحکومت میں سیکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتربنانے پر توجہ دے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی آئی کے دورہ کے موقع پر ایس پی رورل اسلام آباد حسن جہانگیر وٹو سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ احسن بختاوری نے کہا کہ اسلام آباد کے دیہی علاقوں کی مارکیٹوں اور ہائوسنگ سوسائیٹیوں میں سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے لہذا انہوں نے کہا کہ پولیس متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور سوسائیٹیوں کے عہدیداران کے ساتھ تعاون قائم کر کے اس مقصد کیلئے اقدامات کرے تاکہ تاجر برادری اور رہائشیوں کو مزید محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس دیہی علاقوں کی مارکیٹوں اور سوسائیٹیوں میں تعینات سیکورٹی گارڈز کے کوائف جمع کر کے ان کی جانچ پڑتال کرے ۔ اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ایس پی رورل حسن جہانگیر وٹو نے کہا کہ بزنس کمیونٹی معیشت کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے لہذا ان کو پرامن ماحول فراہم کرنا پولیس کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دیہی علاقوں میں سیکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے آئی سی سی آئی اور متعلقہ مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔