برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئر پورٹس کیلئے جدید اسکیننگ مشینوں کا تحفہ

March 20, 2023

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) برطانیہ کی جانب سے پاکستانی ایئرپورٹس کے لئے جدید اسکیننگ مشینوں کا تحفہ دیا جا رہا ہے۔ برطانوی ڈی ایف ٹی کی جانب سے پاکستان کے 2بڑے ایئرپورٹس پر سکیورٹی کو موثر بنانے کے لئے جدید بیگجز سکیننگ مشینیں تحفے کے طور پر فراہم کی جائیں گی۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق برطانوی سکیورٹی ایجنسی ڈی ایف ٹی کی جانب سے پہلے مرحلے میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ بیگجز مشینیں علامہ اقبال انٹرنیشنل اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ جدید مشین مسافروں کے سامان کے ساتھ ساتھ جہاز کے لئے نقصان دہ آلات اور بارودی مواد کو جانچنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈیپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ کی جانب سے یہ مشینیں ایک ماہ کے اندر پاکستان پہنچ جائیں گی۔ ڈی ایف ٹی کی جانب سے فراہم کردہ مشینوں کو لگانے کا مقصد برطانیہ آنے والے مسافروں اور ان کے سامان کی سکیننگ جدید طرز پر کرنا ہے، مرحلہ وار دیگر ایئر پورٹس پر بھی یہ مشینیں سول ایوی ایشن کو تحفے کے طور پر فراہم کی جائیں گی۔