رونتی کچے میں پولیس کارروائی، چنیوٹ کے 9 ڈھولچی بازیاب

March 20, 2023

خانپور مہر، سکھر (نامہ نگار، بیورو رپورٹ) رونتی کچے میں پولیس نے ٹارگیٹیڈ کارروائی کر کے چنیوٹ کے 9ڈھولچیوں کا با حفاظت بازیاب کرایا، بازیابی کے بعد ڈھولچیوں نے رشتہ داروں سے ملاقات کی اس موقع پر جذباتی و رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے، مغویوں کی بحفاظت بازیابی پرعزیزوں اور رشتہ داروں کی آنکھیں جذبات سے آبدیدہ تھیں اس موقع پر ڈھولچیوں نے ڈھول بجائے جس سے سماں بندھ گیا۔30؍ روز قبل چنیوٹ سے شادی کی تقریب میں بلائے گئے مغوی ڈھولچیوں کی بازیابی پر چنیوٹ سے تعلق رکھنے والی پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سابق ایم پی اے پنجاب اسمبلی حسن مرتضی اور سابق ایم پی اے پنجاب اسمبلی ممتاز چانگ نے ڈی ایس پی آفیس میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حسن مرتضیٰ نے کہا کہ اللہ کا شکر گزار ہیں تمام ڈھولچی مغویوں کو سندھ پولیس نے باحفاظت بازیاب کرایا، پارٹی قیادت اور سندھ پولیس نے خصوصی تعاون سے بازیابی ممکن ہوئی۔ پیپلزپارٹی کے سابق رکن پنجاب اسمبلی ممتاز خان چانگ نے کہا کہ پولیس میں موجود کالی بھیڑیں ڈاکوؤں سے ملی ہوئی ہیں، سندھ پولیس اور پنجاب پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کو منظر عام پر لانے کا وقت آ چکا ہے۔