ہائیکورٹ: اے سی علی پور کو توہین عدالت کا نوٹس جاری

March 22, 2023

ملتان(سٹاف رپورٹر)لاہور ہائی کورٹ ملتان بنچ کے جج مسٹرجسٹس عابد حسین چٹھہ نے وینس پلازہ وہاڑی چوک میں عارضی راستے بند کرنے سے متعلق رٹ کی سماعت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی ہے۔ قبل ازیں عدالت عالیہ میں پیٹشنر ایم ایس وینس ٹرانسپورٹ کمپنی نے کمشنر ملتان سمیت دیگر کو فریق بنایا۔ کیس میں پٹیشنر نے کونسل چودھری شاکر علی ایڈووکیٹ کے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ وینس پلازہ وہاڑی چوک جو کہ ایک سو ایک دکان پر مشتمل ہے اور 60 ہزار لوگوں کی آمدورفت کا ذریعہ ہے۔ 18 مارچ کو انتظامیہ کی جانب سے عارضی راستوں کو رکاوٹیں رکھ کر بند کردیا گیا جس کو ہٹایا جائے رسپانڈنٹس کو ان عارضی بندشوں کو ختم کیے جانے کی ہدایت کی جائے۔ مسٹرجسٹس عابد حسین چٹھہ نے وہاڑی چوک بس اڈوں پر عارضی طور پر بنائے گئے راستوں کو مسمار کرکے بند کرنے سے متعلق رٹ پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ہے۔ جسٹس محمد طارق ندیم نے ڈکیتی میں ملوث ملزم محمد عاصم کی ضمانت کی درخواست مسترد کردی۔جسٹس احمد ندیم ارشد نے اسسٹنٹ کمشنر علی پور عمران رفیق کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے آج عملدرامد کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔