یوسف کی اہلیہ بیمار، پاکستان ٹیم کیساتھ امارات جانے سے گریز

March 23, 2023

کراچی (اسٹاف رپورٹر) افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستانی ٹیم بیٹنگ کوچ کی خدمات سے محروم ہوگی۔ ذرائع کے مطابق نجی وجوہات کی بنیاد پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے ٹیم کے ہمراہ متحدہ عرب امارات نہیں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ محمد یوسف نے کہا ہے کہ اہلیہ کی طبیعت ناساز ہے ۔ سب سے دعاؤں کی درخواست ہے ۔ محمد یوسف کی عدم موجودگی میں ہیڈ کوچ عبدالرحمن ہی بیٹنگ کوچ کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔ قبل ازیں پی سی بی نے محمد یوسف کا نام ہیڈ کوچ کے لئے اعلان کیا تھا تاہم اگلے دن عبدالرحمن کو ہیڈ کوچ بنادیا اور محمد یوسف کو سینئر اور تجربہ کار ہونے کے باوجود بیٹنگ کوچ برقرار رکھا۔ عبدالرحمن پاکستان اور افغانستان سیریز کے بعد پاکستان اے ٹیم کے ہیڈ کوچ بن جائیں گے۔ صبیح اظہر کو بنگلہ دیش کے دورے میں پاکستان اے ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا جارہا ہے۔ سابق ٹیسٹ آف اسپنر توصیف احمد کو پاکستان انڈر 19ٹیم کا منیجر بنایا جارہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کی متحدہ عرب امارات میں بات چیت چل رہی ہے انہیں اماراتی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی تجویز ہے۔