مردم شماری سے متعلق خدشات دور کئے جائیں، اے این پی

March 23, 2023

کوئٹہ (آئی این پی )عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر جمال الدین رشتیا اور جنرل سیکرٹری نذیر علی پیر علی زئی نے گزشتہ روز سریاب روڈ‘موسیٰ کالونی‘ مشرقی بائی پاس کے یونٹس صدور جنرل سیکرٹریز اور سنیئر ارکان سے ملاقات کی جس میں پارٹی کی فعالیت‘مردم شماری اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے غور وخوض کیاگیا۔ اجلاس میں حاجی نورمحمد رخشانی‘عیسیٰ خان خلجی‘ حاجی طاہر‘علی ترین اوررؤف بڑیچ بھی موجود تھے‘ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا گیاکہ مردم شماری ہونی چاہئے اور جوخدشات ہیں ان کو دور کیا جائے ،مردم شماری کی شفافیت کو یقینی بنایا جائے، مردم شماری سے ہی علاقے کی ترقی و خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیا اور کوئٹہ میں پارٹی کو فعال بنانے میں کارکنوں‘عہدیداروں اور سینئر ارکان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں کیونکہ اس وقت عوامی نیشنل پارٹی ایک قوت بن کر ابھری ہے اور آئندہ عام انتخابات میں بھی کوئٹہ سے اے این پی کامیابی حاصل کرے گی ۔