پانی کا عالمی دن منا یا گیا

March 23, 2023

پشاور(نمائندہ خصوصی)محکمہ آن ٖفارم واٹرم مینجمنٹ خیبر پختونخوا اور شعبہ واٹر ریسورس مینجمنٹ ، فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن سائنسز ، زرعی یونیورسٹی پشاور کے اشتراک سے خیبرپختونخوا ایریگیٹیڈ ایگریکلچر امپروومنٹ پروجیکٹ کے زیراہتمام پانی کا عالمی دن بعنوان منایا گیا ۔ جس کا مقصد عوام میں پانی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا تھا۔ اس سلسلے میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر برائے زراعت حکومت ِخیبرپختونخوا عبدالحلیم قصوریہ مہمان خصوصی تھے۔ ان کے علاوہ سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد اسرار خان ، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر جہاں بخت ، ڈائریکٹر جنرل آن فارم واٹر مینجمنٹ خیبر پختونخوا جاوید اقبال ، ، ڈین فیکلٹی آف کراپ پروڈکشن سائنسز میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر فدا محمد سمیت فیکلٹی ممبران ، انتظامی افسران ، طلبہ وطالبات ، پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے چیدہ چیدہ نمائندوں نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل آن فارم واٹر مینجمنٹ خیبرپختونخوا جاوید اقبال نے مہمان خصوصی اور دیگر شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے پانی کے عالمی دن کی اہمیت کو اُجاگر کیا اور ساتھ ساتھ اپنے محکمے کی پانی کے منصفانہ اور بہترین استعمال کے بارے میں کارکردگی پربھی روشنی ڈالی۔وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر جہاں بخت نے پانی کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے سامعین کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ آبادی میں اضافہ، سکڑتی زرعی زمینیں اور موسمیاتی تبدیلیاں پانی کے لئے بہت بڑے مسائل ہیں ، انہوں نے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ پانی کو حسب ضرورت استعمال کیا جائے اور پانی کی بچت کی عادت اپنائی جائے۔ انہوں نے آبی آلودگی پر بھی روشنی ڈالی۔سیکرٹری زراعت خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد اسرار خان نے اپنے خطاب میں ماہرین کی طرف سے پوچھے گئے چیلنجز کے بارے میں تفصیل سے جوابات دیئے جن میں محکمہ زراعت کی طرف سے شروع کئے گئے کئی جاری منصوبوں کا حوالہ دیا۔ جوکہ نہ صرف پانی کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے کام کررہے ہیں بلکہ اس سے صوبے کی پانی ذخیرہ کرنے کی استعداد میں بھی اضافہ ہوگا۔مہمان خصوصی وزیر زراعت خیبرپختونخوا عبدالحلیم قصوریہ نے خطاب کرتے ہوئے جہاں پر زرعی یونیورسٹی پشاور، محکمہ زراعت اور آن فارم واٹر مینجمنٹ کی کارکردگی کو سراہا وہی پر معلومات اور ٹیکنالوجی کو زمینداروں تک پہنچانے پر بھی زور دیا۔سابق وائس چانسلر یونیورسٹی آف سوات پروفیسر (ر) ڈاکٹر جمال خٹک اور ڈاکٹر نوید اللہ نے پانی کا عالمی دن منانے پر لیکچرز دیئے اور چئیرمین شعبہ واٹر ریسورس مینجمنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔آخر میں شرکاء نے وزیر زراعت خیبرپختونخوا عبدالحلیم قصوریہ، سیکرٹری زراعت خیبرپختونخوا ڈاکٹر محمد اسرار خان، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جہاں بخت اور ڈی جی آن فارم واٹر مینجمنٹ جاوید اقبال کی قیادت میں پانی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے حوالے سے ایک واک کا بھی اہتمام کیا جس میں شرکاء نے بینرز اٹھا رکھے تھے۔ خیبرپختونخوا ایریگیٹیڈ ایگریکلچر امپرومنٹ پروجیکٹ منصوبہ کو عالمی بینک کے تعاون سے آن فارم واٹر مینجمنٹ کی قیادت میں اس مقصد سے شروع کیا گیا کہ چھوٹے کھیتوں کی پیداواری صلاحیت کو بہتر آبپاشی کے ذریعے بڑھاکر بڑھتی ہوئی آبادی کی خوراک اور زرعی اجناس کی ضروریات پوری کی جاسکیں۔ اس 6 سالہ منصوبے کے ذریعے حکومت خیبرپختونخوا لاگت میں شرکت کے اصول پر کاشتکاروں کو اجتماعی آبپاشی کے نظام بہتر کرنے میں مدد دے رہی ہے جس کے لئے تیکنیک فراہم کرنے کی خدمات نجی شعبہ سے حاصل کی جارہی ہیں۔