گزشتہ برس کی نسبت حج پیکیج میں ساڑھے 3 لاکھ روپے اضافہ

March 25, 2023

اسلام آباد (این این آئی)گزشتہ برس کی نسبت حج پیکیج میں ساڑھے 3 لاکھ روپے اضافہ ہوا ہے۔دستاویز کے مطابق گزشتہ سال قربانی سمیت حج پیکج 8لاکھ 26ہزار 528روپے تھا جبکہ رواں سال قربانی کے علاوہ اخراجات 11لاکھ 75 ہزار تک پہنچ گئے ہیں، یعنی اب 50ہزار روپے سے لے کر 74ہزار روپے قربانی کے لیے اضافی الگ سے ادا کرنا ہوں گے۔ دستاویز کے مطابق حاجیوں کے کھانے پینے کے اخراجات میں 100فیصد تک اضافہ کردیا گیا ، فی حاجی 38روز کے کھانے پینے کا خرچہ ایک لاکھ سے بڑھ گیا ہے،گزشتہ سال کھانے پینے کے اخراجات 53ہزار 440روپے تھے۔ رواں سال مکہ مکرمہ میں رہائش کا کرایہ بھی 70 فیصد سے زیادہ ہوگیا ،کرائے کا خرچ ایک لاکھ 11 ہزارکے بجائے ایک لاکھ 93ہزار روپے ہوگیا ہے، مدینہ میں رہائش کا کرایہ 37ہزار سے بڑھ کر 78 ہزار روپے ہوگیا ہے، ٹرانسپورٹ اخراجات 61 ہزار سے بڑھ کر ایک لاکھ 12ہزار ہوگئے ہیں۔ رواں سال حج پیکج میں 43 ہزار 882 روپے ٹرین کرائے کے بھی شامل ہیں، حج لازمی اخراجات بھی 3 لاکھ سے بڑھ کر 3 لاکھ 56 ہزار ہوگئے ہیں، جہاز کا کرایہ بھی 70 ہزار بڑھ کر ڈھائی لاکھ روپے ہوگیا ہے جو کہ گزشتہ برس ایک لاکھ 81 ہزار 760 روپے کا تھا۔