زبیر احمد خان کی بازیابی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، ہائیکورٹ

March 25, 2023

راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)لاہورہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سابق مشیروزیر اعلی پنجاب زبیر احمد خان کی بازیابی کیلئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ جیوفینسنگ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔ ملزمان کے خاکے تیار کئے جائیں اور31مارچ کو مغوی کو بازیاب کرا کے عدالت میں پیش کیا جائے۔زبیر خان کے لاپتہ ہونے کے حوالے سے سیکرٹری داخلہ و سیکرٹری دفاع نے لاعلمی کا اظہار کیاہے۔مغوی کے بیٹے سعد احمدنے نے سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ کے ذریعے عدالت عالیہ سے رجوع کررکھا ہے۔سماعت کے موقع پر ایس پی پوٹھوہار محمد وقاص اور اے ایس پی انعم بھی موجود تھے۔عدالت میں موجود ایس پی پوٹھوہار وقاص خان نے عدالت کے استفسار پر بتایا کہ تفتیش کی جارہی ہے اور تمام ممکنہ وسائل استعمال کئے جارہے ہیں۔ رٹ میں موقف اختیار کیا گیا کہ زبیر خان کو 8 مارچ کی رات گھر کے قریب سے زبردستی اٹھایا گیا ۔