مردہ جانوروں کا گوشت سپلائی کرنیوالے دو قصاب گرفتار

March 26, 2023

پشاور (اے پی پی):محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نے مردہ جانوروں کے گوشت کو مارکیٹ میں سپلائی کرنیوالے دو قصاب گرفتار کرکے جیل منتقل کر دیئے ۔ محکمہ خوراک کے حکام کو اطلاع ملی کہ کالا منڈی کے باہر مردہ جانوروں کو ذبح کر کے گوشت کو مارکیٹ سپلائی کیا جا رہا ہے جس پر محکمہ خوراک کے راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ کے ہمراہ کالا منڈی کا دورہ کیا اور موقع پر قصابوں کو مردہ جانوروں کو ذبح کرتے ہوئے گرفتار کرلیا جن کو تھانہ چمکنی پولیس کے حوالے کر کے جیل بھیج دیا گیا۔ گرفتار ملزموں کے مطابق وہ مردہ جانوروں کے گوشت کو گھنٹہ گھر بازار سپلائی کر رہے تھے ۔ محکمہ خوراک کے حکام نے گوشت کو قبضے میں لے کر تلف کردیا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں میں چھاپے مار کر شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردنی کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کے نام پر زہر فروخت کرنیوالوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی جبکہ ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔