راہول گاندھی کو نااہل قرار دیئے جانے پر کانگریس کا ملک گیر دھرنا

March 27, 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) بھارتی پارلیمنٹ کی جانب سے اپوزیشن رہنما راہول گاندھی کی نااہلی کے خلاف کانگریس کا نئی دہلی سمیت ملک کے کئی شہروں میں دھرنا، احتجاجی مظاہرے، پولیس نے گجرات میں کانگریس کے ریاستی صدر اور رکن اسمبلیسمیت کئی اپوزیشن رہنماؤں کو گرفتار کرلیا، انڈین پولیس نے احمد آباد کے لال دروازہ پر دھرنے کا اعلان کیا تھا جہاں سے پولیس نے کئی رہنماؤں کو گرفتار کرلیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دھرنے میں کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے اورپارٹی جنرل سیکرٹری پریانکا گاندھی بھی موجود رہیں۔ رپورٹس کے مطابق تمام ریاستوں،ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں گاندھی کے مجسمے کے سامنے 5بجے تک دھرنے جاری رہے ، دھرنے کے شرکا کی جانب سے مودی سرکار کیخلاف نعرے بازی بھی کی جارہی ہے۔ کانگریس رہنماؤں کا کہنا تھا کہ گاندھی خاندان پر تنقید کرنے پر مودی پر بھی پابندی عائد کی جائے ۔ کانگریس نے آج بھی ملک بھر میں دھرنوں اور احتجاج کااعلان کردیا ہے ۔ واضح رہے کہ ہتک عزت کیس میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد بھارتی پارلیمنٹ نے راہول گاندھی کو نااہل کیا تھا۔ دوسری جانب عدالت نے راہول گاندھی کو دو سال قید کی سزا سنانے کے فوری بعد ان کی ضمانت بھی منظور کر لی تھی۔