شلمان، بستروں، کپڑوں اور ہائبرڈ سبزیوں کے بیجوں کی تقسیم

March 27, 2023

پشاور (جنگ نیوز) ضلع خیبر کے علاقہ شلمان میں ضرورت مند لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور معاش کے مواقع فراہم کرنے کے سلسلہ میں سکیورٹی فورسز نے بستروں، نئے کپڑوں اور اعلیٰ معیار کے ہائبرڈ سبزیوں کے بیجوں کی بڑی تعداد تقسیم کی۔ 434 ضرورت مند خاندانوں کو بستروں اور نئے کپڑوں کا سیٹ فراہم کیا گیا جس میں مردانہ وخواتین کی شالیں، لحاف، تکیے، لڑکوں ولڑکیوں کے لئے شال، ٹوپیاں، دستانے، موزے، بچوں کے سویٹر اور چادریں شامل ہیں۔ اقدام کا مقصد معاشرے کے پسماندہ افراد کو آرام دہ زندگی گزارنے کے لئے ضروری وسائل فراہم کرنا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ شلمان میں 600 کسانوں کو اعلیٰ معیار کے ہائبرڈ سبزیوں کے بیج بھی فراہم کئےگئے جن میں ہر پیکیج میں ایک ایکڑ اراضی کے لیے بیج شامل تھے۔ پیکیج میں کھیرے، کریلا اور ہائبرڈ ٹماٹر کے بیج شامل تھے تاکہ مقامی لوگوں کی روزی کو بہتر بنانے اور زرعی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ مقامی افراد نے کمیونٹی کی مدد کے لئے فرنٹیئر کور نارتھ کی مسلسل کاوشوں کو سراہتے ہوئےکہا کہ یہ اقدامات معاشرے کے پسماندہ افراد کی فلاح و بہبود اور بہتر معیار زندگی گذارنے اور معاش کے مواقع فراہم کریں گے۔