آبی وسائل کو آئندہ نسلوں کیلئے محفوظ بنانا کسی چیلنج سے کم نہیں، پرو وائس چانسلر بیوٹمز

March 28, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پر وائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر عبدالرحمن نے کہا ہے کہ بلوچستان میں تیزی سے کم ہوتے آبی وسائل کو آئندہ نسلوں کے لئے محفوظ بنانا کسی چیلنج سے کم نہیں،یہ بات انہوں نے پانی کے عالمی دن کے موقع پر یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز(بیوٹمز) میں سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہی ،سیمینار کا انعقاد واٹر ایڈ پاکستان اور ترقی فاؤنڈیشن کی اشتراک سے کیا گیا ، پر وائس چانسلر بیوٹمز ڈاکٹر عبدالرحمن نے اپنے خطاب میں پانی کو بلوچستان کی لائف لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں کہ اپنے محدود آبی وسائل کو جدید ٹیکنالوجی اور ریسرچ کے ذریعے مانیٹر اور تمام شعبہ زندگی کو ان کی ضرورت کے مطابق پانی فراہم کریں ، اس کا مقصد لوگوں میں پانی کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور پانی کے بے جا استعمال پر قابو پانا ہے ۔ انہوں نےکہا کہ صاف پانی ہر انسان کا بنیادی حق ہے اور اس سے ہر ممکن طریقے سے فائدہ اٹھانا چاہیے ، تعلیم اور صحت کے ساتھ پینے کا صاف پانی ہر فرد تک پہنچانا بےحد ضروری ہے ۔ اسی لیے ہر سال عالمی یوم آب منایا جاتا ہے اور اس دن ان افراد کو یاد کیا جاتا ہے جو پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب کی مناسب سہولیات کے انتظار میں ہیں ۔