نوشہرہ میں مسلم لیگ نظریاتی کا کوئی وجود نہیں، صاحبزادہ حمزہ خان

March 28, 2023

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ضلع نوشہرہ کے صدر اور پراونشل کمیٹی کے ممبر صاحبزادہ حمزہ خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام حقیقی معنوں میں کارکن دوست اور عوام دوست سیاستدان ہیں جن کی کوششوں سے مسلم لیگ خیبر پختونخوا میں بہت بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے۔ خیبر پختونخوا میں مسلم لیگ آنے والے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور انشا اللہ عوام کی بے لوث خدمت کے جذبہ سے سرشار عوامی سیاستدان انجینئر امیر مقام خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ ہوں گے۔ عوام کی محرومیوں کا ازالہ ہو گا اور ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ صاحبزادہ حمزہ خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ نظریاتی گروپ کے نام پر مسلم لیگ میں انتشار پھیلایا جارہا ہے ۔ ضلع نوشہرہ میں مسلم لیگ نظریاتی گروپ کا وجود ہی نہیں اور تمام کارکن انجینئر امیر مقام کی قیادت میں پوری طرح متحد ہیں۔ مسلم لیگ ضلع نوشہرہ میں بہت بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے۔ ضلع نوشہرہ میں جب پی ٹی آئی کے صوبائی و سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے آبائی ضلع وحلقہ انتخاب میں جب صوبائی اسمبلی کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی الیکشن ہوا تو مسلم لیگ کے امیدوار اختیار ولی خان کی طرف سے پی ٹی آئی کے امیدوار کو عبرتناک شکست دی گئی۔