رمضان گفٹ کے نام سے سوشل میڈیا پر نوسرباز متحرک، شہری ذاتی معلومات ہرگز نہ دیں، سائبر سکیورٹی ماہرین

March 29, 2023

کراچی (افضل ندیم ڈوگر) رمضان المبارک کے دوران نو سربازوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر "رمضان گفٹ" کے نام کئی جعلی لنک گردش کر رہے ہیں۔ سائبر سیکورٹی ماہرین نے اس حوالے سے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ جعلی لنکس پر کلک کرکے اپنی ذاتی معلومات ہرگز نہ دیں۔ سوشل میڈیا پر زیر گردش ایسے لنک اوپن کرنے پر شہریوں سے ان کی ذاتی معلومات مانگی جاتی ہیں اور پھر دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کا کہا جاتا ہے۔ سائبر سکیورٹی ایکسپرٹس کے مطابق ایسے جعلی لنکس پر کلک کرنے اور اپنی ذاتی معلومات درج کرنے سے اکثر شہری سائبر کرائم کا شکار ہوجاتے ہیں۔ سائبر سکیورٹی ایکسپرٹس کے مطابق شہریوں کی ذاتی معلومات لے کر اسے مختلف پلیٹ فارمز پر بیچ دیا جاتا ہے جو مختلف مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال کی جا سکتی ہیں۔ سائبر سکیورٹی ماہرین کے مطابق صارفین کو شکار بنانے کیلئے سائبر کریمنلز آئے دن نت نئے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہیں۔ رمضان المبارک میں اکثر لوگ قرآن پاک و دیگر اسلامی ایپلی کیشنز موبائل فونز پر انسٹال کرتے ہیں۔ حال ہی میں گوگل پلے اسٹور نے کچھ ایسی اسلامی ایپلی کشنز اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دی ہیں۔ یہ ایپس صارفین کا ڈیٹا اکٹھا کررہی تھیں یا پھر صارفین کے موبائل میں کوئی وائرس ڈال رہی تھیں۔ شہری رمضان المبارک کے دوران اسلامی ایپلی کیشنز انسٹال کرتے ہوئے بھی محتاط رہیں۔ رمضان گفٹ کے متعلق گردش کرنے والے جعلی لنکس پر کلک کرنے اور اپنی ذاتی معلومات درج کرنے سے اجتناب کریں۔ شہری ایسے جعلی لنکس دوسروں کے ساتھ ہرگز شیئر نہ کریں ورنہ ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جا سکتی ہے۔ جتنا زیادہ ایسے لنکس شیئر کیے جائیں گے اتنے زیادہ لوگ سائبر کرائم کا شکار ہو سکتے ہیں۔