ریاستی پنشن عمر 68 سال کرنے کا معاملہ ابھی پیش نہیں کیا جائیگا، مل سٹرائیڈ

April 01, 2023

لندن (پی اے) ریاستی پنشن کی عمر 68سال کرنے کو ابھی پیش نہیں کیا جائےگا۔ توقع ہے کہ ورک اینڈ پنشن سیکرٹری ایم پیز کو بتائیں گے کہ اب پنشن کی عمر میں تبدیلی کا وقت نہیں ہےاور فیصلہ اگلے عام انتخابات کے بعد 2026میں متوقع ہے۔ ریاستی پنشن کی عمر 2044میں 66سال سے بڑھ کر 68سال ہونے والی ہے۔2017میں گزشتہ حکومت کے جائزے میں تجویز کیا گیا تھا کہ 2030کی دہائی کے آخر تک اس اضافہ کو آگے لایا جا سکتا ہے۔ قانون کے مطابق حکومت کو ہر چھ سال بعد سسٹم میں منصوبہ بند تبدیلیوں کا جائزہ لینے کی ضرورت ہوتی ہے اور تازہ ترین جائزے میں شامل اخراجات اور متوقع عمر جیسے عوامل کو مدنظر رکھا جاتا ہے، جو اب اتنی تیزی سے نہیں بڑھ رہے جیسا کہ پہلے پیش کیا گیا تھا۔ ورک اینڈ پنشن سیکرٹری مل سٹرائیڈ پنشن ایج پر تازہ ترین قانونی جائزے کے نتائج کی تصدیق کیلئے ہاؤس آف کامنز میں ایک بیان دیں گے۔ ڈیلی ایکسپریس اخبار، جہاں یہ سٹوری پہلی بار شائع ہوئی، نے کہا کہ مسٹر سٹرائیڈ اگلے انتخابات کے بعد ایک نئے جائزے کا اعلان کریں گے۔ ایک جائزہ، جو کہ قانون کے مطابق ضروری ہے،جس میں بیرونس نیویل رولف یہ دیکھ رہی ہیں کہ پنشن ایج مقرر کرتے وقت حکومت کو کن عوامل کو مدنظر رکھنا چاہئے۔ اس وقت عمر کی حد اس بات کو یقینی بنانے پر مبنی ہے کہ کوئی بھی اپنی ایڈلٹ لائف کا ایک تہائی سے زیادہ حصہ ریٹائرمنٹ میں نہ گزارے۔ حکومت کی ایکچوری کے ایک الگ جائزہ تازہ ترین متوقع زندگی کے اعداد و شمار کی جانچ کر رہا ہے۔ ریاستی پنشن میں جو اضافہ فی الحال قانون سازی میں بیان کیا گیا ہے، وہ 5اپریل 1960کو یا اس کے بعد پیدا ہونے والوں کیلئے عمر بتدریج 67 سال اور 5 اپریل 1977 کو یا اس کے بعد پیدا ہونے والوں کیلئے 2044 اور 2046 کے درمیان بتدریج 68 تک اضافہ کرنا ہے۔