ایف بی آر کا سوئی سدرن کے منیجنگ ڈائریکٹر کو شوکاز نوٹس

April 01, 2023

کراچی (امداد سومرو) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی ایل) کے منیجنگ ڈائریکٹر عمران مانیار کو ’انکم ٹیکس آرڈیننس 2001‘ کے سیکشن کے تحت ایف بی آر کے سامنے اپنی ویلتھ اسٹیٹمنٹ میں اپنے غیر ملکی اثاثوں کو ظاہر نہ کرنے اور انہی جائیدادوں کے لیے کیپٹل ویلیو ٹیکس ادا نہ کرنے پر شو کاز نوٹس جاری کردیا۔ ایف بی آر حکام نے اسی شوکاز نوٹس میں کہا ہے کہ مانیار کی جانب سے ٹیکس سال 2022کے لیے دائر کردہ ویلتھ اسٹیٹمنٹ کی جانچ پڑتال سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ انہوں نے کوئی غیر ملکی اثاثہ ظاہر نہیں کیا تھا جو کہ ایف بی آر کے پاس دستیاب تفصیلات کے مطابق وہ امریکا کے مختلف علاقوں میں 625.999 ملین روپے کی ملکیت رکھتے ہیں۔ ایف بی آر نے اپنے شوکاز نوٹس میں مانیار کی 12 غیر ملکی جائیدادوں کی تفصیلات کا بھی حوالہ دیا جو ریکارڈ کے مطابق ان کی ملکیت زیادہ تر ٹیکساس اور ہیوسٹن امریکہ میں ہے۔ مانیار کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنی وضاحت ثبوتوں کے ساتھ ایف بی آر حکام کے سامنے پیش کریں اور خبردار کیا گیا کہ ناکامی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی اور یک طرفہ طور پر کی جائے گی جس میں قانون کے مطابق مزید قانونی تعزیری کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔