کراچی( ٹی وی رپورٹ) وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سب کچھ بدل گیا بانی کے حالات نہیں بدلے۔ معاون خصوصی کے پی شفیع جان نے کہا کہجب تک ہمارا یہ مطالبہ پورا نہیں ہوتا تب تک ہم کے پی کے کی تمام شاہراہوں کو بند رکھیں گے۔ جیو نیوز پر شاہزیب خانزادہ سے ماہرین کرکٹ راشد لطیف، احمد شہزاد اور سکندر بخت نے بھی گفتگو کی۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ ہر دفعہ آپ ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے آپ اپنی من مرضی نہیں کرسکتے اور جیل مینوئل میں ایک طریقہ کار ہے،اب تمام رپورٹس بالکل ٹھیک اور بانی کی طبیعت بھی ٹھیک ہے۔سب کچھ بدل گیا لیکن بانی کے حالات نہیں بدلے اور اب ان کے پاس صرف وکٹم کارڈ رہ گیا ہے۔ اب تک کوئی بڑی جوائنٹ اپوزیشن نہیں بناسکے اور نہ ہی بڑی تحریک چلاسکے،یہ اپنی ناکامی دیکھ کر ہمدردی کا کارڈ کھیل رہے ہیں جس میں وہ ناکام ہورہے ہیں۔طلال چوہدری نے مزید کہا کہ ہم سپریم کورٹ کی بات مانیں یاپی ٹی آئی کو فیس سیونگ دی جائے، سینیٹ کے اپوزیشن لیڈر اوران کے چیئرمین کیساتھ تمام رپورٹس شیئرز کی گئیں جس کے بعد وہ انتہائی مطمئن نظر آئے۔